ورمی کمپوسٹ ( کیچوا کھاد بنانے کا طریقہ

 ورمی کمپوسٹ ( کیچوا کھاد) بنانے کا طریقہ

کیچوا کھاد گوبر ، پتوں اور کچرا وغیرہ سے کیچووں کی مدد سے تیار کی جاتی ہے ۔ جو کہ عام گوبر کی کھاد سے کئی گنا زیادہ بہتر ہوتی ہے ۔ کیچوا کھاد جس فصل کیلیئے بھی کھیت میں استعمال کی جائے وہ فصل بہت اچھی کیمیکل فری پیداوار دے گی ۔

کیچوا کھاد بنانے کے لیے زمین کی سطح بھی استعمال کی جا سکتی ہے اور زمین کے اندر گڑھا بھی بنا کر استعمال کیا جاتا ہے ۔ کیچوا کھاد بنانے کے لیے زمین کے اندر گڑھا 3فٹ چوڑائی میں ، 2فٹ گہرائی میں ، اور6سے8فٹ لمبائی میں بنایا جاتا ہے ۔ اس گڑھے میں پولیتھین شیٹ اس طرح بچھائی جاتی ہے کہ گڑھے کے چاروں طرف شیٹ کم از کم ایک فٹ باہر ہو ۔

اس گڑھے میں جانوروں کی کھرلی کا بچا ہوا کچرا ، درختوں کے پتے ، آک اور نیم کے پتے ، کچن ویسٹ ، کماد دھان اور گندم کی باقیات ، گارڈن ویسٹ سب کچھ ڈالا جا سکتا ہے ۔ گڑھے میں اس سب ویسٹ کو پھیلا کر 4انچ موٹی تہہ لگا کر ہلکا ہلکا پانی چھڑک کر اوپر گوبر کی 4انچ موٹی تہہ لگائی جاتی ہے ۔

اسی طرح تہہ در تہہ گڑھا بھر دیا جاتا ہے ویسٹ کی ہر تہہ پر پانی چھڑک کر کل نمی 7سے7.5فیصد رکھی جاتی ہے اگر گوبر 8من ہو تو کچرا یا ویسٹ 5من رکھا جاتا ہے ۔ پولیتھین کے بچے ہوئے حصے اس کے اوپر رکھ کر اچھی طرح بند کر دیا جاتا ہے ۔

چند دن کے بعد اس مکسچر کا اندرونی ٹمپریچر 70 ڈگری تک اور پھر 15دن کے بعد 30سے32ڈگری پر آجاتا ہے ۔ اس وقت اسی طرح کا دوسرا گڑھا بنایا جاتا ہے یا پھر زمین کی سطح کو ہموار کر کے اس کے اوپر یہ سارا مکسچر ڈال کر قبر کی صورت ڈھیر لگایا جاتا ہے اس سے پہلے کماد دھان گندم یا سرسوں کی باقیات کی 4انچ تہہ لگا کر پانی چھڑکا جاتا ہے ۔

اس قبر نما لمبے ڈھیر کی اونچائی 2فٹ سے زیادہ نہیں رکھی جاتی اگر 100کلوگرام ویسٹ ہو تو کم از کم ایک کلو کیچوا اس پر چھوڑا جاتا ہے اس کی نمی 7سے7.5فیصد رکھی جاتی ہے پھر اوپر بوریاں ڈال کر بند کر دیا جاتا ہے اندرونی ٹمپریچر اور نمی اگر زیادہ ہو جائے تو کیچوے مر جاتے ہیں ۔ یہ کھاد 80سے90دن میں بن جاتی ہے جیسے جیسے اوپر کی تہہ چائے کی پتی جیسی ہونا شروع ہو جائے اسے اوپر سے اتار لیا جاتا ہے ۔اگر کیچوے زیادہ چھوڑے جائیں تو کھاد جلدی بن جاتی ہے 70دن میں 4سے5گنا کیچوے زیادہ ہوجاتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Top